ماں نے طے کی شادی
چندی گڑھ : ہریانہ کے ریواڑی ضلع کے پہلوان کی محبت کی کہانی کو مرکز میں رکھ کر بنائی گئی فلم ‘سلطان کے ہیرو سلمان کشتی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد شادی کرتے ہیں ، تو ریئل لائف میں ہریانہ کا رئیل سلطان بھی کچھ ایسی کہانی لکھنے جا رہا ہے ۔ ہم بات کر رہے ہیں یوگیشور دت کی۔ ریو اولمپکس میں تمغہ کے لئے ہندوستان کی آخری امید یوگیشور وطن لوٹتے ہی زندگی کی ایک نئی اننگز کی تیاریوں میں مصروف ہوجائیں گے۔ یہ اننگز کھیل کی نہیں ، بلکہ شادی کی ہوگی۔ ان کی ماں نے شادی تقریبا طے کر رکھی ہے۔ یوگیشور دت اس وقت 33 سال کے ہو چکے ہیں۔
ریو اولمپکس کی تیاریوں کی وجہ سے ہی یوگیشور نے ابھی تک شادی نہیں کی ہے۔ وہ ملک کو تمغہ کا انمول تحفہ دینے کے بعد اپنی ماں کو شادی کی خوشی دیں گے۔ ذرائع کے مطابق کہ اس سال کے آخر یا پھر 2017 کے آغاز میں وہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ یوگیشور ہریانہ کے سونی پت میں واقع گاؤں بھینسوال کلاں کے رہنے والے ہیں۔ ان کی ماں سشیلا دیوی نے ملک کے دلارے اس پہلوان کی شادی اسی ضلع کے همام پور گاؤں میں طے کر رکھی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ریئل زندگی کا یہ سلطان لڑکیوں سے بات چیت کرنے میں فلمی سلطان سے بالکل الگ ہے۔ وہ اس معاملے میں کافی ریزرو ہے ۔ شادی تو طے ہو گئی ہے ، لیکن اب تک انہوں نے لڑکی سے بات چیت شروع نہیں کی ہے۔ بات چیت ریو سے واپس آنے کے بعد ہی شروع ہوگی ۔ آج کے دور میں جب نوجوان اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کر رہے ہیں ، تو اس پہلوان نے زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ ماں پر چھوڑ رکھا ہے۔ مطلب یوگیشور ماں کی طرف سے پسند کی گئی لڑکی سے شادی کر رہے ہیں۔ ان کی ماں ریٹائرڈ ٹیچر ہیں۔