بئی کے معروف ہوٹل میں حادثاتی طور پر پانی کے ٹب میں موت کے منہ میں چلی جانے والی بولی وڈ اداکارہ سری دیوی کی آخری رسومات 28 فروری کی سہ پہر ہوں گی۔
سری دیوی کی لاش خصوصی طیارے سے دبئی سے ممبئی منتقل کرنے کا عمل پورا ہو گیا ہے، بھارت میں فلم انڈسٹری کی شخصیات کے ساتھ ساتھ عام افراد بھی ان کی میت کے تین دن سے منتظر ہیں۔
دبئی انتظامیہ نے سری دیوی کی لاش اس وقت ہی ورثاء کے حوالے کی جب پبلک پراسیکیوشن نے اپنی تحقیق مکمل کرکے اداکارہ کی موت کو حادثہ قرار دیا۔
سری دیوی 24 فروری کی رات 9 بجے کے بعد دبئی کے امیریٹس ٹاور ہوٹل میں پانی کے ٹب میں نہانے کے دوران ڈوبنے کی وجہ سے ہلاک ہوئی تھیں۔
ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم 26 فروری کو پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کی موت باتھ ٹب کے پانی میں ڈوبنے سے ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی انتظامیہ نے سری دیوی کیس کی تحقیقات بند کردی
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کر رکھی تھی، جس وجہ سے نہانے کے دوران وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔
دبئی پولیس اور پبلک پراسیکیوشن نے 27 جنوری کی شام 4 بجے سری دیوی کی موت کو حادثہ قرار دے کر تمام تحقیقات بند کرکے لاش ورثاء کے حوالی کی تھی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سری دیوی کی آخری رسومات 28 فروری کی سہ پہر ساڑھے 3 بجے ممبئی کے علاقے لوکھنڈوالہ میں واقع اسپورٹس کلب میں ادا کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: ہوٹل میں سری دیوی کے ساتھ آخری 15 منٹ میں کیا ہوا؟
خبر کے مطابق سری دیوی کے شوہر بونی کپور، ان کی بیٹیوں جھانوی اور خوشی کپور اور بیٹے ارجن کپور کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔
بیان میں میڈیا سے گزارش کی گئی ہے کہ اداکارہ کے احترام میں ان کی آخری رسومات کے دوران فوٹوگرافی یا ویڈیو ریکارڈنگ سے گریز کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کا اگنی سنسکار مذہبی روایات کے مطابق اسپورٹس کلب میں ساڑھے تین بجے کیا جائے گا۔