ملتان میں ”تحفظ عزاداری کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے ایس یو سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم ضرب عضب آپریشن، کومبنگ آپریشن، نیشنل ایکشن پلان، یا مدارس کی پالیسیاں ہوں، ہم نے تعاون کیا، لیکن عزاداری میں کسی قسم کی پالیسیاں یا رُکاوٹیں قبول نہیں۔
اسلام ٹائمز۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کئی بار حکومت کو باور کراچکے ہیں کہ عزاداری ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، جس طرح عزاداری سیدالشہداء سے روکا جا رہا ہے یہ غیرقانونی اور ہماری آزادانہ شہریت کو ختم کرنے کے مترادف ہے، ہم اس قسم کی کسی پابندی کو قبول نہیں کریں گے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید محمد تقی نقوی نے کہا کہ ہم ہر طرح سے حکومت کے ساتھ تعاون کرتے آئے ہیں، ہم ضرب عضب آپریشن، کومبنگ آپریشن، نیشنل ایکشن پلان، یا مدارس کی پالیسیاں ہوں، ہم نے تعاون کیا، لیکن عزاداری میں کسی قسم کی پالیسیاں یا رُکاوٹیں قبول نہیں، اگر کسی قسم کی کوئی رُکاوٹ ڈالی گی تو ہم اپنا حق حاصل کرنے کے لئے جو کہ ریاست پاکستان نے دیا ہے، جن حقوق کے ساتھ یہ ریاست وجود میں آئی ہر قدم اُٹھانے کو تیار ہیں، مگر عزاداری پر کسی قسم کی پابندی کو برداشت نہیں کریں، کانفرنس میں انتظامیہ کی جانب سے عزاداری پر عائد پابندیوں کے خلاف کافی غم و غصے اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عزاداری سیدالشہداء کو محدود اور چاردیواری میں پابند کرنے کی کسی پالیسی کو قبول نہیں کریں گے، عزاداروں کے خلاف اُٹھائے جانے والے اقدامات یزیدی کردار ہے، جو آج کی حکومتیں ادا کر رہی ہیں۔