بنگلور:سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کرناٹک حکومت کی جانب سے کاویری ندی کا پانی تملناڈو کے لئے چھوڑے جانے کے خلاف کرناٹک میں آج بند سے جنوبی اضلاع میں معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے جبکہ ریاست کے دیگر حصوں میں بند کا ملا جلا اثر رہا۔
کچھ چھوٹے موٹے واقعات کو چھوڑ کر بند پرامن رہا۔ پولیس حکام نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کی ہدایت دے رکھی ہے ۔ میسورو،مانڈیا، ہاسن، چامراجنگر، کوڈگو اور بنگلور اضلاع میں مکمل بند رہا۔ساحلی علاقے میں آٹورکشا اور ٹیکسیوں سمیت عوامی گاڑیاں سڑکوں سے ندارد رہیں۔ بمبئی۔کرناٹک اور حیدرآباد کرناٹک علاقے میں بند کا جزوی اثر رہا۔
ریاست میں 1000 سے زیادہ تنظیموں نے آج صبح سے شام تک پوری ریاست میں بند کا اعلان کیا ہے ۔ اسپتال، ادویات کی دکانوں، دودھ کی سپلائی اور اخبار تقسیم جیسی ضروری خدمات کو بند سے مستثنی رکھا گیا ہے ۔بند کی وجہ سے عموما مصروف رہنے والی بنگلور کی سڑکوں پر بھی سناٹا چھایا رہا۔
پوری ریاست کی سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ ندارد رہیں اور تجارتی ادارے ، اسکول اور کالج، سرکاری دفتر، بینک، سرکاری اورپرائیویٹ شعبہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں، اے پی ایم سی بازار اور دیگر تمام عوامی ادارے بھی بند رہے ۔ بند کی وجہ سے ریل اور ہوائی سفر پر کوئی اثر نہیں پڑا لیکن ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر کوئی گاڑی نہیں ہونے سے مسافروں کو منزل تک پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا-
شمالی کرناٹک کے کچھ اضلاع میں نجی بس آپریٹروں نے بسیں چلانے کی کوشش کی تو کسانوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے بسوں پر پتھراؤ کیا جس سے کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کرناٹک کو حکم دیا تھا کہ وہ 10 دن تک کاویری دریا سے روزانہ 15 ہزار کیوسک پانی تملناڈو کے لیے چھوڑے ۔ کرناٹک حکومت کی طرف سے عدالت کے حکم پر عمل کرنے کے بعد سے ہی پوری ریاست خاص طورپر جنوبی کرناٹک میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔ کرناٹک میں اس سال کم بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے پہلے ہی وہاں پانی کے ذخائر کم ہیں۔ایسے میں عدالت کے فیصلے کے خلاف کسان اور سماجی کارکن سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔
امن و قانون قائم رکھنے کے لیے پولیس نے پوری ریاست میں 65 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے جس میں مرکزی مسلح ریزرو فورس اور ریپڈ ایکشن فورس کے چار دستوں کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کی سینکڑوں کمپنیاں، ہوم گارڈ اور پولیس کو تعینات کیا گیا ہے ۔بند کے دوران کلبرگی میں بنگلور ممبئی ایکسپریس کو روکنے کی کوشش کر رہے 12 سے زیادہ بند حامیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
ہڑتال کی وجہ سے سنیما ہال، ہوٹل، پٹرول پمپ بند رکھے گئے ہیں۔ ریاست کے سنیما اور ٹیلی ویزن سے منسلک فنکاروں نے بھی بند کی حمایت کی ہے ۔