21 پارلیمانی سکریٹریوں کی تقرری منسوخ
نئی دہلی : پنجاب انتخاب میں مصروف اروند کیجریوال کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ہائی کورٹ نے 21 پارلیمانی سکریٹریوں کی تقرری کو منسوخ کر دیا ہے۔ دہلی حکومت نے 21 ممبران اسمبلی کی مدد کے لئے 21 پارلیمانی سکریٹریوں کی تقرری کی تھی۔ ان 21 ارکان اسمبلی اور سکریٹریو ں میں الکا لامبا، جرنیل سنگھ، راجیش گپتا اور آدرش شاستری کے نام اہم ہیں۔
وزیر اعلی کیجریوال نے گزشتہ سال مارچ میں دہلی کے 21 ممبران اسمبلی کو وزراء کی مدد کے لئے پارلیمانی سکریٹری کے عہدے پر مقرر کیا تھا۔ دہلی حکومت کے اس اقدام کے خلاف ایک غیر سرکاری ادارے (این جی او) قومی مکتی مورچہ نے ایک مفاد عامہ کی عرضی داخل کی تھی۔ عرضی میں این جی او نے ان تقرریوں کو رد کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا اور اسے غیر آئینی، غیر قانونی اور دائرہ اختیار سے باہر قرار دیا تھا ۔ پٹیشن میں کہا گیا تھا کہ کیجریوال کو پارلیمانی سکریٹریوں کو حلف دلانے کا کوئی حق نہیں ہے۔