مالے: مالدیپ کی ایک عدالت نے سابق صدر محمد نشید کو اقتدار میں رہنے کے دوران سرکاری دولت کے مبینہ بے جا استعمال کے معاملے کی جانچ کے سلسلے میں ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے ۔نشید مالدیپ میں جمہوری طور پرمنتخب پہلے صدر تھے اور سال 2012 میں انکو معزول کردیا گیا تھا۔ نشید کوا سی سال مئی میں برطانیہ میں سیاسی پناہ ملی تھی۔ دہشت گردی کے معاملے میں نشید کو قصوروار قرار دیا گیا تھا اور تیرہ سال کی جیل کی سزاکاٹتے ہوئے ان کو علاج کے لئے باہر جانے کی اجازت ملی تھی۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ صدر کے عہدہ پر فائز رہنے کے دوران سرکاری دولت کا مبینہ طور پر غلط استعمال کرنے کے معاملے میں جانچ کے سلسلے میں نشیدکو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ مالدیپ کی حکومت نشید کو واپس لانے کا مطالبہ کررہی ہے تاکہ وہ دہشت گردی کے معاملے میں تیرہ سال کی سزا کاٹ سکیں۔نشید کو گذشتہ سال مارچ میں جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔ نشید کے ساتھ ہی اہم اپوزیشن پارٹی کے عہدیدار محمد جمیل احمد اکرم کمال الدین کے خلاف بھی گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا ہے ۔