امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں دو مسلح افراد کی فائرنگ میں کم سے کم تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔
خبروں کے مطابق دو مسلح افراد نے ریاست کنیکٹیکٹ کے علاقے برج پورٹ میں ایک فیملی ڈنر میں شریک لوگوں پر فائر کھول دیئے جس کی زد میں آکر تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں گیارہ مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ فائرنگ کی وجوہات کے بارے میں بھی تاحال پولیس نے کوئی خیال ظاہر نہیں کیا ہے۔ کنیکٹیکٹ کے علاقے سینڈی ہک کے ایک پرائمری اسکول پر وحشیانہ حملے کے بعد سے ریاستی حکومت نے اسلحہ نمائش کے حوالے سے بعض سخت گیر پالیسیوں پر عمل درآمد شروع کیا تھا۔ قابل ذ کرہے کہ اتوار کے روز بھی سینڈی ہک کے ایک اسکول کے قریب ایک بار پھر فائرنگ کی گئی ہے تاہم اس میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ امریکا میں گن کلچر کے نتیجے میں سالانہ ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوجاتے ہیں۔ اوباما انتظامیہ نے لوگوں کے اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی عائد کئے جانے کا ایک مسودہ قانون بھی کانگریس میں پیش کیا لیکن اسلحہ ساز فیکٹریوں کے مالکان کے کانگریس پر اثر و رسوخ کی وجہ سے یہ قانون منظور نہیں ہو سکا۔