ریاستی حکومت کا فیصلہ
مؤ۔ اترپردیش حکومت ضلع مؤ کی کوآپریٹیو چینی مل گھوسی کے احاطے میں تین کروڑ 51 لاکھ کی لاگت والا ایتھنال پلانٹ لگائے گی ۔ ایتھنال پلانٹ کا سنگ بنیاد سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قانون ساز کونسل رکن رام جتن راج بھر اور گھوسی سے ایس پی کے رکن اسمبلی سدھاکر سنگھ نے رکھا۔ سنگھ نے بتایا کی ایتھنال پلانٹ قائم ہونے کے بعد گھوسی چینی مل کے آس پاس رہنے والے عام لوگوں کو آلودہ پانی سے نجات ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی آئے دن ہونے والی بیماریوں سے بھی بچاؤ ہوگا۔ تین کروڑ 51 لاکھ روپے کی لاگت سے بنائے جانے والا ایتھنال پلانٹ تقریبا سات مہینہ میں بن کر تیار ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 36 سال قبل قائم گھوسی کوآپریٹیو چینی مل احاطے میں ایتھنال پلانٹ قائم ہونے کے بعد یہاں فیکٹری سے نکلنے والے آلودہ پانی کا مسئلہ تو حل ہوگا ہی وہیں روزگار کے لئے بھی راستے کھل جائیں گے ۔ رامجتن راج بھر نے بتایا کہ اگر پلانٹ ٹھیک ٹھاک طریقے سے چلا تو مل کو ہر برس لاکھوں روپیوں کی اضافی آمدنی ہوگی۔ ایتھنال پلانٹ آئندہ فروری تک کام کرنا شروع کر دے گا۔