نئی دہلی: ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت دی گئی تو ہندوستان اس کا خیر مقدم کرے گا۔ ترجمان ہندوستانی وزارت خارجہ وکاس سوارپ نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ تمام موجودہ مسائل پر بات چیت کا خیر مقدم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہندوستان، پاکستان سے سرحد پار دراندازی اور حافظ سعید سمیت دیگر معاملات پر کارروائی چاہتا ہے۔
وکاس سوارپ نے پاکستان سے ممبئی حملے کے ٹرائل اور پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات سے ہندوستان کو آگاہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سیکریٹری خارجہ جلد اپنے ہندوستانی ہم منصب کو خط لکھیں گے، جس میں خصوصی طور پر کشمیر پر بات چیت کرنے پر زور دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں کشیدگی برقرار ہے جس پر بات کرنا ہوگی، جبکہ ہمارا موقف ہے کہ کشمیر کے شہریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔
خیال رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حریت پسند کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد 8 جولائی سے حالات کشیدہ ہیں اور ہندوستانی فوج کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں اب تک 70 سے زائد کشمیری ہلاک اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ ہندوستانی فوج کی جانب مظاہرین پر چھروں والی بندوق کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، جس سے سیکڑوں کشمیری نوجوان آنکھوں میں شدید زخم آنے کی وجہ سے اپنی بینائی کھو چکے ہیں۔