چھترپور:انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سماجوادی پارٹی کے صدر اور اترپردیش کے سابق وزیراعلی اکھلیش یادو کے قافلے میں شامل ڈیڑھ درجن سے زیادہ گاڑیوں پر مدھیہ پردیش کے چھترپور میں کارروائی کی گئی ہے ۔
ٹرانسپورٹ افسر وکرم جیت سنگھ نے بتایا کہ سماجوادی پارٹی کی ان گاڑیوں پر پارٹی کے جھنڈے ، بینر اور پٹیاں لگی ہوئی تھیں جن سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہورہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی چھترپور شہر کے نوگاؤں روڈ پر کی گئی ہے ۔ اکھلیش یادو کے کھجوراہو پہنچنے پر یہ گاڑیاں ان کے قافلے میں شامل ہونے کے لئے کھجوراؤ جارہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کل 17 گاڑیوں پر دس ہزار پانچ سو روپے کے چالان کئے گئے ہیں۔اسی طرح کھجوراہو پولیس نے بھی پولیس سپرنٹنڈنٹ ونیت کھنہ کے ہدایت پر سماجوادی پارٹی کے جھنڈے ، بینر اور پارٹی سے متعلق دیگر تشہیری پوسٹروالی 7 گاڑیوں کا چالان کیا گیا۔ مسٹر یادو مدھیہ پردیش میں انتخابی نقطہ نظر سے دو دنوں کے دورے پر کھجوراہو آئے ہوئے ہیں۔