الحرمین الشریفین سے متعلق انتظامی امور کے نگران ادارے کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار دنیا کے مقدس ترین مقام پر خدمات کی انجام دہی کے لیے 41 خواتین کی اعلیٰ عہدوں پر تقرری کا حکم جاری کیا ہے۔
’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈنسی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ویژن 2030ء کے مطابق مسلمان خواتین کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئےعمومی قومی مفاد کے پیش نظر اُنہیں مختلف اُمور کی انجام دہی کے لیے تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں اور خدمات فراہمی میں مسلمان خواتین کلیدی عامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ الحرمین الشریفین کے انتظامی امور سرانجام دینے کے لئے ان کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ شرعی ضوابط کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک کی تعمیر وترقی اور خوش حالی میں خواتین کے کردار کا عوامی سطح پر بھی خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔