اترپردیش کی یوگی حکومت نے میڈیا پر شکنجہ کسنے کیلئے اب وہاٹس ایپ گروپ پر لگام لگانا شروع کردیا ہے۔ للت پور ضلع انتظامیہ نے ایک عجیب و غریب فرمان جاری کرتے ہوئے صحافیوں کو رجسٹریشن کے بغیر میڈیا وہاٹس ایپ گروپ چلانے پر روک لگادی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے حکم جاری کرکے ضلع کے سبھی صحافیوں سے کہا ہے سبھی میڈیاوہاٹس ایپ گروپ کو محکمہ اطلاعات کے پاس رجسٹرڈ کرائیں ، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
اس فرمان کو ضلع افسر مانویندر سنگھ اور پولیس کپتان ڈاکٹر او پی سنگھ نے تحریری طور پر جاری کیا ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ضلع کا کوئی بھی صحافی محکمہ اطلاعات میں رجسٹریشن کروائے بغیر میڈیا وہاٹس ایپ گروپ نہیں چلا سکتا ہے۔
تحریری فرمان کے مطابق “گروپ ایڈمن کو گروپ میں وابستہ سبھی ممبران کی معلومات فراہم کرانی ہوںگی ۔ ساتھ ہی گروپ ایڈمن کو آدھار کارڈ کی کاپی ، فوٹو اور دیگر معلومات دستیاب کرانی ہوں گی ، یہ حکم سبھی میڈیا سے وابستہ ویب سائٹوں پر بھی نافذ ہوتا ہے “۔حکم مزید کہا گیا ہے کہ گروپ میں کسی بھی طرح کی قابل اعتراض یا توہین آمیز پوسٹ کو شیئر کرنے کیلئے ایڈمن ذمہ دار ہوگا ۔
دراصل گزشتہ دنوں مہرونی کوتوالی کے چوکی گاوں میں دو فریقوں کے درمیان تنازع ہوگیا تھا ، جس کے بعد سوشل میڈیا پر طرح طرح کی افواہیں پھیلائی جارہی تھیں ۔ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ کچھ فرضی صحافی وہاٹس ایپ گروپ کے ذریعہ اس افواہ کو پھیلا رہے تھے ، جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے فرضی صحافیوں پر نکیل کسنے کیلئے یہ حکم جاری کیا ہے۔