اناؤ : مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)نے عصمت دری کے ملزم بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی)کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج جیل بھیج دیا۔بی جے پی رکن اسمبلی اور اسکی معاون ششی سنگھ کو سی بی آئی کے افسران نے اناؤضلع جیل بھیج دیا ۔
اس سے پہلے بی جے پی رکن اسمبلی کا لکھنؤ میں طبی معائنہ کرایاگیاتھا۔ذرائع نے بتایا کہ سینگر کی پولیس ریمانڈ آج دوپہر ایک بجے ختم ہونی تھی لیکن سی بی آئی اہلکاروں نے مقررہ وقت سے پہلے ہی ایم ایل اے کو جیل پہنچادیا۔اب سی بی آئی خصوصی عدالت میں معاملہ سے متعلق دستاویزات پیش کریگی ۔انھوں نے بتایاکہ بانگرمئو کے رکن اسمبلی کی ریمانڈ کے دوران سی بی آئی کو اہم سراغ ہاتھ لگے ہیں جنھیں پختہ کرنے کے لئے سی بی آئی ایم ایل اے کو پوٹینسی ٹسٹ بھی کراسکتی ہے ۔اس کے لئے خصوصی عدالت کی اجازت لینے کی تیاری کی جارہی ہے ۔
ادھر،سی بی آئی آج عصمت دری کی شکار لڑگی کے چارسالہ بھائی و دوبہنوں سے بھی واقعہ کی تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کرسکتی ہے ۔خاندان کے لوگوں سے اسکی اجازت لے لی گئی ہے ۔اس دوران متاثرہ کے چچا اور ماں کوبھی محکمہ آبپاشی کے گیسٹ ہاؤس میں ہی موجود رہنے کو کہا گیاہے ۔ واضح رہے کہ عصمت دری کی شکار لڑکی اور اسکے والد کے قتل کے معاملہ کو یوگی حکومت نے گزشتہ 11اپریل کو جانچ کے لئے سی بی آئی کو سونپنے کا فیصلہ کیاتھا۔عصمت دری کے معاملہ میں کلدیپ سنگھ سینگر اور دیگر ملزمان کے خلاف ماکھی پولیس نے ایف آئی درج کی تھی ۔رکن اسمبلی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 376(عصمت دری )،366(شادی کے لئے یاجنسی عمل کے لئے مجبورکرنا)،363(اغوا)اور 506(دھمکی دینا)کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔