سعودی عرب اور فرانس کے مابین بیس ارب ڈالر مالیت کے 38 معاہدے طے پا گئے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دونوں حکومتوں کے درمیان طے پائے معاہدوں میں پہلا معاہدہ ثقافتی ترقی، ماحولیات، سیاحت، انسانی اور اقتصادی وسائل اور دوسرا معاہدہ پروجیکٹ ڈویلپمنٹ فنانسنگ کا ہے جس میں دونوں ملک مشترکہ سرمایہ کاری کریں گے۔
کل منگل کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے معاہدوں پر دستخط کے بعد فرانسیسی صدرعمانوئل ماکروں کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی اور فرانسیسی شراکت داری موجودہ وقت میں حد درجہ اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ’ویژن 2030‘ ہے اور ہم سعودی عرب کو براعظموں میں ایک محوری نقطے پر لانا چاہتے ہیں۔ ہم نے اپنے وسائل کا صرف 10 فی صد استعمال کیا ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر نے ولی عہد کی اصلاحات کی حمایت کی اور کہا کہ پیرس سعودی عرب کے اصلاحاتی پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہرممکن مدد کرے گا۔
سعودی ولی عہد کے دورہ فرانس کے موقع پر دونوں ملکوں کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور کمپنیوں کے ذمہ داران نے 18 ارب ڈالر مالیت کے 20 سمجھوتوں اور یاداشتوں کی منظوری دی۔ ان میں اہم ترین معاہدہ سعودی آئل کمپنی ’ارامکو‘ اور فرانس کی ’ٹوٹل‘ کمپنیوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں طے پایا۔ دونوں کمپنیاں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس قائم کریں گی جس پر 7 ارب 20 کروڑ ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تین ارب ڈالر کے تجارتی معاہدوں کی بھی مںظوری دی گئی۔
فضائی شعبے میں طے پانے والے معاہدوں میں سعودی عرب کی ‘فلائی ناس‘ ، جنرل الیکٹرک اور سافران، نے 5.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے طیاروں کے انجن تیار کرنے کا معاہدہ کیا۔
منگل کے روز پیرس میں ہونے والے سعودی ، فرانسیسی بزنس فورم میں سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی خالد الفالح، وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد القصبی اور دونوں طرف کی مختلف کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ارامکو کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے ‘العربیہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ارامکو فرانسیسی کمپنی ٹوٹل کے ساتھ کئی مشترکہ منصوبوں پر کام کرے گی۔ دونوں کمپنیوں نے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے قیام کا اعلان کیا ہے جب کہ دونوں کمپنیاں سنہ 2014ء سے ایک مشترکہ تیل صاف کرنے کا کارخانہ چلا رہی ہیں جس میں یومیہ 4 لاکھ بیرل بھاری تیل پیدا کیا جا رہا ہے۔
ٹوٹل اور ارامکو کے درمیان ریٹیل سیکٹر اور مشترکہ اسٹیشنوں کے قیام کا بھی معاہدہ طے پایا ہے۔
ارامکو کی ذیلی فرم ’دسر‘ ، جنرل انویسٹمنٹ فنڈز اور فیولا اور سویز کے درمیان صنعتی فضلے سے نمٹنے کا معاہدہ طے پایا۔
سعودی کمپنی ’اثراء‘ نے فرانس کے ’بومبیڈو‘ کے ساتھ ایک یاداشت پر دستخط کیے۔ اس یاداشت کے تحت نمائشوں کا اہتمام اور عجائب گھروں کی ترقی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ارامکو نے Technip FMC وSchinder. کمپنیوں سے بھی تجارتی یاداشتوں پر دستخط کیے۔