بولی ووڈ شہنشاہ شاہ رخ خان کو بولی وڈ کا سب سے بہترین والد سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ وہ ہمیشہ ہی اپنے بچوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھے گئے ہیں۔
اگرچہ شاہ رخ خان کے 3 بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑا بیٹا آریان خان 1997، بیٹی سہانا خان 2000 اور سب سے چھوٹا بیٹا ابرام 2013 میں پیدا ہوا۔
تاہم اب لگتا ہے کہ وہ اپنے خاندان میں ایک اور فرد کا اضافہ چاہتے ہیں۔
بولی وڈ کے رومانٹک ہیرو نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں ایک بیٹا ہو، جس کا نام ’اکنشا‘ رکھیں گے۔
دکن کیرونیکل کے مطابق شاہ رخ خان نے ریئلٹی ٹاک شو ’ ٹیڈ ٹاک: نئی سوچ‘ کے دوران ’اکنشا‘ لفظ کو بولتے ہوئے کئی بار ری ٹیک لیے، جس پر انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ انہیں کسی نام کا تلفظ صحیح بولنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
’اکشنا‘ کو ٹھیک طرح سے نہ بول پانے کے بعد بولی وڈ بادشاہ نے کہا کہ وہ یہ نام اپنے بیٹے پر رکھنا چاہیں گے۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نام اپنے چوتھے بچے پر رکھیں گے۔
شاہ رخ خان کی جانب سے چوتھے بچے کی خواہش اور ان کا نام ’اکنشا‘ رکھے جانے کی بات کہے جانے کے بعد بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں کی جا رہیں ہیں کہ ممکنہ طور پر اداکار چوتھے بچے کو بھی ’سروگیٹ‘ کے ذریعے جنم دیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شاہ رخ خان کے ہاں 2013 میں تیسرے اور سب سے چھوٹے بیٹے ابرام کی پیدائش بھی سروگیٹ کے ذریعے ہی ہوئی تھی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اسی شو کی ویڈیو بھی شیئر کی، ان کا یہ شو بھارتی ٹی وی چینل ’اسٹار پلس‘ پر نشر ہوتا ہے۔
’ٹیڈ ٹاک: نئی سوچ‘ 2017 کی آخری سہ ماہی میں شروع ہوا، اس سے پہلے والے شو کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان نے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان کی کرکٹ ٹیم کی کپتان کوئی خاتون ہو۔
ان کے پچھلے پروگرام میں بھارتی کرکٹر میتھالی راج شامل ہوئی تھیں، جس پر شاہ رخ خان نے انہیں مخاطب ہوتے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ’میتھالی راج بھارت مرد کرکٹ ٹیم کی کپتان بنیں‘۔