اونا واقعہ کے خلاف دلتوں نے مہا سمیلن میں لیا عہد
گجرات میں گیر سومناتھ ضلع کے اونا علاقے میں دلتوں کی پٹائی کے واقعہ کے خلاف آج یہاں سابرمتی علاقے میں منعقدہ ایک مہا سمیلن کے دوران دلت برادری نے مردہ جانوروں کی کھال نکالنے کا کام نہ کرنے اور گٹر کی گندگی صاف نہ کرنے کا عہد کیا۔اونا دلت اتیاچار لڑت سمیتی کے بینر تلے مختلف دلت تنظیموں کی جانب سے منعقدہ اس اجلاس کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے تھے۔
کمیٹی کے سربراہ جگنیش میوانی نے وہاں موجود تقریباً 20 ہزار سے زیادہ دلت برادری کے لوگوں کو مردہ جانوروں کی کھال نکالنے کا کام چھوڑ دینے اور گندگی صاف کرنے کیلئے گٹر میں نہ اترنے کا حلف دلایا۔انہوں نے کہاکہ جو دلت یہ کام کریں گے، ان کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے گا۔انہوں نے دعوی کیا کہ کانگریس اور بی جے پی نہیں بلکہ دلت خود ہی اپنے مفادات اور حقوق کی حفاظت کرسکتے ہیں۔