ہندوستان کے کامیڈی میزبان کپل شرما اپنے چٹکلوں سے تو ایک طویل عرصے سے شائقین کو متاثر کرتے آہی رہے ہیں اور اب ان کی دوسری فلم ’فرنگی‘ کی ریلیز تاریخ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔
کپل شرما نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ان کی دوسری فلم ’فرنگی‘ رواں سال 10 نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی، جس کے لیے انہیں مداحوں کے پیار اور سپورٹ کی ضرورت ہے۔
اس فلم میں کپل شرما کے علاوہ اداکارہ اشیتا دتہ اور مونیکا گل کام کرتی نظر آئیں گی، فلم کی ہدایات راجیو ڈھنگرا نے دی ہیں جبکہ کپل نے فلم خود پروڈیوس کی ہے۔
Happy to announce 10th Nov 2017 for #Firangi !
Need your Blessings, Love & Support !
Thank u everyone, Love u all :))— Kapil Sharma (@KapilSharmaK9) August 10, 2017
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم کی کہانی 1920 کے دور پر مبنی ہے۔
خیال رہے کہ کپل شرما ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج 3‘ جیتنے کے بعد لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے تھے، انہوں نے ‘جھلک دکھلاجا 6’ اور ‘کامیڈی سرکس’ جیسے شوز میں کام کیا، ان کے مقبول پروگراموں میں ‘کامیڈی نائٹس ود کپل’ اور ‘دی کپل شرما شو’ شامل ہیں۔
کپل شرما کی پہلی فلم ’کس کس کو پیار کروں‘ 2015 میں ریلیز ہوئی جسے تجزیہ کاروں کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا، تاہم فلم کامیڈی کہانی کے باعث باکس آفس پر کامیاب رہی۔