نئی دہلی : بی جے پی لیڈر ونے کٹیار نے بابری مسجد انہدام کیس میں سی بی آئی کی کارکردگی کو لے کر اپنی ہی حکومت پر نشانہ سادھاہے۔ قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، اوما بھارتی اور ونے کٹیار سمیت بی جے پی کے 13 رہنماؤں کے خلاف 1992 کے بابری مسجد انہدام کیس میں مجرمانہ سازش کا مقدمہ چلانے کی سی بی آئی کی درخواست قبول کر لی ہے۔
کٹیار نے جمعہ کو کہاکہ سی بی آئی نے سازش رچی ہے، وہ کھلا چھٹا سانڈ ہے، کم از کم ہماری حکومت میں تو کھلا سانڈ ہو گئی ہے سی بی آئی۔ خیال رہے کہ ‘ یہ پہلی بار نہیں ہے جب انہوں نے حکومت پر نشانہ سادھا ہو۔ انہوں نے اس سے پہلے اس معاملے پر آر جے ڈی چیف لالو یادو کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بھی حکومت کی نیت پر شک ظاہر کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ لالو یادو نے وزیر اعظم مودی پر الزام لگایا تھا کہ صدارتی انتخابات کے امیدواروں سے اڈواني کا نام ہٹانے کے لئے مودی نے سازش رچی ہے۔ لالو کے اسی بیان پر کٹیار نے کہا تھا کہ ‘ہو سکتا ہے کہ لالو کے بیان میں حقیقت ہو، پتہ نہیں۔