چنئی۔ ششی کلا کا استعفی اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے دونوں دھڑوں میں انضمام ممکن ہے۔ تمل ناڈو کی سیاست میں ایک اہم موڑ آ سکتا ہے۔ اے آئی اے ڈی ایم کے کے دونوں مخالف دھڑے مل سکتے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ آج ممبران اسمبلی کے اجلاس میں اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بتا دیں کہ وزیر اعلی کی کرسی کو لے کر پنیر سیلوم گروپ نے بغاوت کر دی تھی۔ حالانکہ ششی کلا خیمے کے پلانی سوامی وزیر اعلی بننے میں کامیاب ہوئے تھے۔
چنئی میں پیر کو پارٹی کے سینئرلیڈروں کے درمیان ایک میٹنگ بھی ہوئی۔ رہنماؤں نے سابق وزیر اعلی او پنيرسیلوم کی انضمام سے متعلق پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، تمام ممبران اسمبلی کو منگل کے دن چنئی میں رہنے کو کہا گیا ہے۔ ادھر، ایک ٹی وی چینل کے مطابق تامل ناڈو میں پارٹی سکریٹری ششی کلا اپنا عہدہ چھوڑ سکتی ہیں۔ ششی کلا اس وقت آمدنی سے زیادہ اثاثہ کے معاملہ میں کرناٹک جیل میں سزا کاٹ رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ انضمام سے متعلق جو میٹنگ ہوئی اس میں ریاست کے 25 وزراء نے حصہ لیا۔ یہ ایک ہنگامی ملاقات تھی۔