واشنگٹن۔ چین کے بغیر ہی شمالی کوریا کے مسئلے سے نمٹ لیں گے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ چین کے ساتھ یا اس کے بغیر بھی شمالی کوریا کی جانب سے جوہری اسلحے کے خطرے کو حل کر لے گا۔ انھوں نے برطانیہ کے اخبار فائنینشیئل ٹائمز (ایف ٹی) کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: ‘اگر چین شمالی کوریا کا مسئلہ حل نہیں کرتا تو ہم کریں گے۔ ہم آپ سے کہہ رہے ہیں کہ ہم ایسا ہی کریں گے۔’ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا تنہا وہ اس کام کو انجام دینے میں کامیاب ہوں گے تو انھوں نے کہا ‘مکمل طور پر’۔ خیال رہے کہ مسٹر ٹرمپ کا یہ انٹرویو چینی صدر شی جن پنگ کے رواں ہفتے ہونے والے امریکی دورے سے قبل آيا ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے ایف ٹی کو بتایا: ‘چین کا شمالی کوریا پر بہت اثر و رسوخ ہے۔ اور چین کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ شمالی کوریا سے ٹمٹنے میں ہماری مدد کرے گا یا نہیں۔ اگر وہ مدد کرتا ہے تو یہ چین کے لیے بہت اچھا ہوگا اور اگر وہ نہیں کرتا ہے تو یہ کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا۔’ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس کا مطلب ‘ون آن ون’ یکطرفہ ایکشن ہوگا تو مسٹر ٹرمپ نے کہا: ‘کلی طور پر، اور اب مجھے مزید کچھ نہیں کہنا۔’
انھوں نے اپنے ایکشن کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں دیں۔ مسٹر ٹرمپ کے یہ بیانات جمعرات کو چینی صدر سے ان کی مجوزہ ملاقات سے قبل آئے ہیں جو کہ شمالی کوریا کے جوہری اسلحے کے فروغ کے متعلق ان کی تازہ ترین وارننگ ہے۔
دونوں ممالک کے صدور کی یہ ملاقات پہلے سے طے شدہ ہے اور یہ ‘مار اے لیگو’ میں ہوگی۔
شمالی کوریا کے بارے میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ بالآخر طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کا فروغ کر لے گا جو کہ امریکہ کو نشانہ بنا سکے۔ مارچ میں ایشا کے دورے میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا تھا کہ دشمن کو ناکام کرنے کے لیے پیش بندی طور پر کی جانے والی ‘فوجی کارروائی زیر غور ہے۔’ ایک ماہ قبل امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے متنبہ کیا تھا کہ کسی بھی جوہری اسلحے کے استعمال کا ‘بھرپور جواب’ دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چین شمالی کوریا کا واحد بین الاقوامی اتحادی ہے اور اس نے بھی تنہا پڑجانے والے اس ملک کی جانب سے تازہ ترین میزائل کے تجربے کے بعد ایکشن لیتے ہوئے فروری میں وہاں سے کوئلے کی درآمد بند کر دی جس سے پیونگ یانگ کو حاصل ہونے والی نقدی کے اہم ذریعہ پر ضرب پڑی ہے۔ یہ پابندی رواں سال کے اختتام تک کے لیے لگائی گئی ہے۔
تاہم یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ صدر ٹرمپ چینی صدر سے ملاقات کے دوران شمالی کوریا کے خلاف مزید کارروائی کے لیے ان پر دباؤ ڈالیں گے۔ اور انھوں نے یہ عندیہ دیا ہے کہ اس کے لیے تجارت کا میکانکی طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے ایف ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا: ‘تجارت وہ محرک اور یہ سب تجارت ہی ہے۔’ تاہم انھوں نے کہا کہ وہ ملاقات کے دوران محصول میں کمی کو زیر بحث نہیں لائیں گے۔