الہ آباد: الہ آباد ہائی کورٹ کے قیام کے ڈیڑھ سو سالہ جشن کی اختتامی تقریبات میں وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی کی شرکت پراب تنازع اٹھ کھڑا ہوگیا ہے ۔ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی کئی سر کردہ تنظیموں نے الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو ایک عرضداشت دے کر گزارش کی ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کو ہائی کورٹ کی تقریبات میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے ۔
عرضداشت میں دلیل دی گئی ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ پر تعزیرات ہند کی کئی سنگین دفعات کے تحت 20 سے زائد مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ۔ ایسے میں اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کے ساتھ یوگی آدتیہ ناتھ کی شمولیت سے سماج میں غلط پیغام جائے گا ۔
واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ کے قیام کے ڈیڑھ سو برس پورے ہونے کی اختتامی تقریبات آئندہ دو اپریل کو منعقد کی جائیں گی ۔ ان تقریبات میں وزیر اعظم مودی سمیت ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہوں گے ۔