نئی دہلی۔ قومی جانچ ایجنسی نے ذاکر نائیک کو پوچھ گچھ کے لئے 15 مارچ کو طلب کیا ہے۔ اسلامی اسکالر اور اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر ذاکر نائیک کو قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) نے نوٹس جاری کر 14 مارچ کو پوچھ گچھ کے لئے بلایا ہے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے آج صبح ذاکر کی بہن نائلہ نورانی سے بھی منی لانڈرنگ سے جڑے معاملے میں پوچھ گچھ کی تھی۔
این آئی اے کا یہ نوٹس ذاکر نائک کے بھائی محمد عبدالکریم نائیک نے ریسیو کیا ہے۔ ذاکر نائک اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے بانی ممبر ہیں اور پیس ٹی وی جیسے 17 ممالک میں نشر ہونے والے 5 اور چینلز کے بورڈ ممبر ہیں۔ منی لانڈرنگ قانون کے التزامات کے تحت نائلہ کا بیان درج کرایا گیا ہے۔ ای ڈی نے گزشتہ سال دسمبر میں نائیک اور ان کے کئی مبینہ قریبی لوگوں کے خلاف ایک فوجداری معاملہ درج کیا تھا۔ ایجنسی نے یہ معاملہ غیر قانونی سرگرمی کی روک تھام ایکٹ کے تحت این آئی اے کی شکایت کا نوٹس لینے کے بعد درج کیا تھا۔
ای ڈی نے ذاکر نائک کے ادارے کے اکاونٹ کی چھان بین کے دوران 200 کروڑ روپے میں خرد برد کئے جانے کا شک ظاہر کیا ہے۔ اس میں سے 50 کروڑ ذاکر کی بہن نائلہ کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اس رقم کا باقی حصہ بھی ایسی 5 کمپنیوں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیا گیا تھا جس کی ڈائریکٹرز میں ذاکر نائک، ان کی بیوی فرحت ذاکر نائیک اور بہن نائلہ شامل ہیں۔