نئی دہلی : ایس بی آئی کے اے ٹی ایم سے چلڈرن بینک آف انڈیا کے نوٹ نکلے۔ دہلی کے سنگم وہار علاقے میں ایک نوجوان اس وقت حیران رہ گیا ، جب اے ٹی ایم سے چورن والے نوٹ ملے۔ وہ آٹھ ہزار روپے نکالنے کے لئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے اے ٹی ایم میں گیا تھا۔ اے ٹی ایم سے 2000 روپے کے چار نوٹ نکلے، لیکن یہ ریزرو بینک آف انڈیا کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹ نہیں تھے، بلکہ ان پر چلڈرن بینک آف انڈیا لکھا ہوا تھا۔ اس نے قریبی تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔
جنوبی دہلی میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں کسٹمر کیئر ایگزکٹو کے طور پر کام کرنے والے روہت کمار کے ساتھ یہ واقعہ 6 فروری کو پیش آیا ۔ وہ اپنی روز مرہ کی اخراجات کے لئے کیش نکالنے اے ٹی ایم گیا تھا۔ اس نے کہا کہ اس میں بھی اصلی نوٹ کے فونٹ میں ہی 2000 روپے لکھا تھا۔ اس پر لکھا تھا کہ یہ چلڈرن گورنمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ واٹرمارک کی جگہ اس پر ‘چورن پتی پرنٹ تھا۔ نوٹ پر یہ بھی لکھا تھا کہ میں ہولڈر کو 2000 روپے ادا کرنے کا وعدہ کرتا ہوں۔
سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جب اس واقعہ کی جانچ کر رہے پولیس افسر نے اے ٹی ایم سے کیش نکالا ، تو انہیں بھی وہی نقلی نوٹ ملے۔ اس کے بعد ایف آئی آر درج کر لی گئی اور معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے بینک حکام سے بھی رابطہ کیا ہے۔