نئی دہلی۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا ریزرو بینک کی طرح الیکشن کمیشن نے بھی مودی کے سامنے ہتھیار ڈال دئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے الیکشن کمیشن کو نشانہ بناتے ہوئے اسے جرات سے محروم ادارہ قرار دیا اور کہا کہ اس نے پوری طرح وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے خودسپردگی کردی ہے۔ مسٹر کیجریوال نے کئی ٹویٹ کئے جن میں الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا ۔
وزیر اعلیٰ کیجریوال کی یہ ناراضگی پنجاب اور گوا اسمبلی انتخابات کے لیے کل ہوئی ووٹنگ کے سلسلے میں ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر چل رہی مہم اور پولنگ مراکز میں مبینہ طور پر پارٹی انتخابی نشان کے ساتھ لوگوں کے داخل ہونے کی خبروں کے سبب لگتی ہے۔ مسٹر کیجریوال الیکشن کمیشن کی جانب سے گوا میں ریلی کے دوران ان کے ردعمل پر ایف آئی آر درج کرانے کیلئے پہلے ہی سے خفا تھے۔
عام آدمی پارٹی کے کنوینر نے ٹویٹ کرکے کہا، “یہ مکمل طورپر شرمناک اور جرات سے محروم الیکشن کمیشن ہے۔ الیکشن کمیشن نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے سامنے مکمل طورپر خودسپردگی کر دی ہے۔ “
وزیر اعلی نے کہا، “جیسے مودی جی نے آر بی آئی کا بیڑا غرق کر دیا، ویسے ہی اپنے چمچوں کو بیٹھا کر مودی جی نے الیکشن کمیشن کا بھی بیڑا غرق کر دیا۔ ” نوٹوں کی منسوخی پر بھی مسٹر کیجریوال نے وزیر اعظم کو نشانہ بنایااور کہا کہ حکومت کا یہ منصوبہ کالے دھن کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور ناکام ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی جی نے کہا تھا کہ نوٹوں کی منسوخی سے کالے دھن پر لگام لگ جائے گی لیکن پنجاب اور گوا میں کھلے عام پیسہ تقسیم کیا گیا تو نوٹوں کی منسوخی کا کیا فائدہ ہوا۔