نئی دہلی۔ پرینکا کا اکھلیش کو پیغام بھیج کر ان سے امیٹھی رائے بریلی کا وعدہ کئے جانے کی اپیل کی ہے۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کو لے کر سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد کے بعد بھی سیٹوں کو لے کر اختلاف برقرار ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایک بار پھر پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر اعلی اکھلیش یادو کو ایک پیغام بھیجا ہے۔ پرینکا نے اس پیغام میں کہا ہے کہ امیٹھی اور رائے بریلی کی اسمبلی سیٹیں کانگریس کو دے کر اکھلیش اپنا وعدہ پورا کریں۔
گٹھ بندھن دھرم نبھانے کی گزارش
پرینکا نے کہا ہے کہ اٹاوہ، ایٹہ، مین پوری، قنوج اور اعظم گڑھ میں کانگریس نے اتحاد کے وعدے کے مطابق کوئی امیدوار نہیں کھڑا کیا ہے۔ لہذا اب اکھلیش بھی امیٹھی اور رائے بریلی کی سیٹیں کانگریس کی جھولی میں دے کر اتحاد کا دھرم نبھائیں۔
اس سے پہلے بھی پرینکا گاندھی نے سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پرینکا کے ایک فون کال کے بعد ہی اتحاد پر اکھلیش نے رضامندی دی تھی۔
کانگریس کی صفوں میں بے چینی
غور طلب ہے کہ اتحاد کے باوجود سماج وادی پارٹی اپنے امیدواروں کا مسلسل اعلان کر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے کانگریس کی صفوں میں بے چینی صاف دیکھی جا رہی ہے۔ اس درمیان کانگریس نے 25 جنوری کو رائے بریلی کے بچھراواں اسمبلی حلقہ سے اعلان شدہ امیدوار سشیل پاسی کا ٹکٹ ہولڈ کر لیا ہے۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ رائے بریلی پارلیمانی حلقہ کی تمام اسمبلی سیٹوں پر ایک ساتھ امیدواروں کا اعلان کرے گی۔ بتا دیں کہ امیٹھی اور رائے بریلی کی تمام سیٹوں پر کانگریس اپنی دعویداری ٹھونک رہی ہے، وہیں سماج وادی پارٹی کشمکش میں ہے۔ امیٹھی سے موجودہ ایس پی ممبر اسمبلی گایتری پرجاپتی بھی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں جبکہ کانگریس امیتا سنگھ کو میدان میں اتارنا چاہتی ہے۔