دبئی۔ سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے مملکت کی مشرقی گورنری القطیف میں سرچ آپریشن کے دوران ایک مبینہ اشتہاری دہشت گرد کو حراست میں لینے کے بعد تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا ہے۔
خبر کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کل منگل کوبتایا کہ ایک مقامی شدت پسند اور اشتہاری حسین محمد الفرج کو القطیف میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران پکڑا گیا۔ گرفتار ہونے والا شدت پسند ملک میں دہشت گردی، تخریب کاری، معصوم شہریوں پر فائرنگ کرنے، پبلک مقامات پر شرپسندی پھیلانے اور دہشت گردوں کی معاونت میں ملوث رہا ہے۔ سعودی پولیس اسے ایک عرصے سے تلاش کررہی تھی اور اس کی گرفتاری کے لیے جگہ جگہ چھاپے مارے جا رہے تھے۔
بیان میں دہشت گرد عناصر کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنی مجرمانہ سرگرمیوں سے باز نہ آئے توانہیں ہرجگہ سے ڈھونڈ قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ملک میں شر فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بیان میں تمام اشتہاریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کردیں۔ پولیس کی جانب سے شہریوں کو دہشت گردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی رابطہ نمبر990 جاری کیا گیا ہے اور ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے شہریوں کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں سعودی وزرات داخلہ نے قطیف کے ایک دہشت گرد سیل کو اشتہاری قرار دے کران کی تصاویر جاری کی تھیں اور ان میں سے کسی دہشت گرد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک ملین ریال کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔ سعودی عرب کی حکومت نے خطرناک دہشت گردوں کے بارے میں معلومات دینے پر پانچ ملین اور دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے میں معاونت پر سات ملین ریال کا انعام مقرر کیا ہے۔