واشنگٹن۔ سی آئی اے کی لاکھوں خفیہ دستاویزات انٹرنیٹ پر جاریامریکہ کی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کی جانب سے تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ صفحات پر مشتمل خفیہ دستاویزات کو پہلی بار انٹرنیٹ پر جاری کیا گیا ہے۔ ان دستاویزات کو معلومات کی آزادی اور سی آئی اے کے خلاف ایک طویل مقدمے کی کوششوں کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
انٹرنیٹ پر جاری کی جانے والی دستاویزات میں انٹیلی جنس بریفنگ، تحقیقی مقالے، یو ایف او سائٹنگز اور نفسیاتی تجربات شامل ہیں۔ کمل محفوظ شدہ دستاویزات تقربیاً 8,00,000 فائلوں سے بنائی گئی ہیں اور یہ ایک کروڑ 30 لاکھ صفحات پر مشتمل ہیں۔ ان دستاویزات میں امریکہ کے سابق وزیرِ خارجہ ہینری کیسنجرجنھوں نے دو سابق صدور رچرڈ نیکسن اور جیرالڈ فورڈ کے ساتھ کام کیا کی دستاویزات کے علاوہ انٹیلی جنس تجزیے کے ہزاروں صفحات، سائنس کی تحقیق اور نشوونما سے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں۔
آن لائن جاری کیے جانے والے دستاویزات میں معروف شخصیت اوری گیلر کی سنہ 1973 کی ذہنی حالت کے معائنے کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔ غیر معمولی ریکارڈز میں اڑن طشتریوں کے بارے میں جاری کی جانے والی رپورٹس اور پوشیدہ سیاہی کی تراکیب بھی شامل ہیں۔ اگرچہ سنہ 1990 کی وسط دہائی سے بعد کی زیادہ تر معلومات کو تکنیکی طور پر عوام کے لیے مہیا کیا گیا ہے تاہم ان تک رسائی بہت مشکل رہی ہے۔ واضح رہے کہ سی آئی اے نے نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ اس مواد کو شائع کرے گی اور اب یہ تمام جمع کیا گیا مواد سی آئی اے کی لائبریری کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔