نئی دہلی۔ کانگریس نے آج واضح کر دیا کہ پارٹی اترپردیش اسمبلی انتخابات وزیر اعلی اکھلیش یادو کی قیادت والی سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ساتھ مل کر لڑے گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے ریاستی انچارج غلام نبي آزاد نے یہاں اس کی تصدیق کرتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے لیکن اس بابت تفصیلی معلومات ایک دو دن میں فراہم کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں انتخابی اتحاد بہار میں ہوئے اسمبلی انتخابات کی طرز پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کس طرح کا ہوگا، اس کے لئے ابھی انتظار کرنا ہوگا۔ ایس پی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے بھی کل کہا تھا کہ ان کا گروپ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کا خواہاں ہے۔
سماج وادی پارٹی کے اکھلیش گروپ کو کل ہی الیکشن کمیشن نے اصلی ایس پی مانتے ہوئے سائیکل نشان پر الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ انتخابی اتحاد کے بارے میں آخری فیصلہ اکھلیش کی قیادت والی سماجوادی پارٹی کو کرنا ہے اور انہیں امید ہے کہ اتحاد کا فیصلہ یقینی طور پر ہوجائے گا۔