ماسکو۔ روس کے ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے امریکہ سے بے دخل کیے جانے والے 35 روسی سفارت کاروں نے ملک چھوڑ دیا ہے۔ ایک سفارتی اہلکار کا کہنا تھا کہ جہاز میں بے دخل کیا گیا سارا عملہ اور ان کے خاندان سوار ہیں جو اپنے منزل کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔
صدر اوباما نے صدارتی انتخاب کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی اور ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم کی ہیکنگ کے الزامات کے بعد روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ دوسری جانب نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان الزامات کے حوالے سے مزید معلومات افشا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
روسی خبررساں ادارے تاس نے امریکہ میں روسی سفارتخانے کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ سال نو پر طیارہ واشنگٹن سے پرواز کرچکا ہے۔ یہ جہاز روسیا ایئرلائنز کا حصہ ہے جو روسی صدر اور سرکاری اہلکاروں کے استعمال میں رہتا ہے۔ امریکی صدر اوباما نے 35 روسی سفارتکاروں کو 72 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
امریکہ کی طرف سے 35 روسی سفارت کاروں کو امریکہ بدر کیے جانے اور روسی انیٹلی جنس اداروں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کے بعد روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ روس جواباً کسی امریکی سفارت کار کو ملک بدر نہیں کرے گا۔
دوسری جانب امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کی جانب سے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کو وہ معلومات ہیں جو کسی اور کو نہیں ہیں اور وہ منگل یا بدھ کو یہ معلومات منظر عام پر لائیں گے۔ انھوں نے کہا ‘میں اس بارے میں پوری یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کیونکہ یہ ایک سنگین الزام ہے۔
اگر آپ وسیع پیمانے پر تباہی کے ہتھیاروں کی بات کریں تو وہ سراسر جھوٹ تھا۔ اس لیے میں بالکل مطمئن ہونا چاہتا ہوں کیونکہ یہ ایک سنگین الزام ہے۔’ انھوں نے مزید کہا کہ ان کو ہیکنگ کے بارے میں کافی معلومات ہیں۔ ‘ہیکنگ کو ثابت کرنا بہت مشکل ہے۔ اور ہو سکتا ہے کہ ہیکنگ کے پیچھے کوئی اور ہو۔ اور مجھے ایسی باتوں کا علم ہے جو دوسروں کو نہیں ہے اس لیے وہ اس صورتحال کے بارے میں پوری طرح آگاہ نہیں ہیں۔’