لکھنو : رام گوپال سماج وادی پارٹی سے سے ایک مرتبہ پھر باہر کر دئے گئے ہیں۔ ملائم سنگھ یادو نے یہ کارروائی کرتے ہوئے اکھلیش یادو کے اجلاس کے جواب میں اب پانچ جنوری کو قومی اجلاس بلایا ہے۔ سماج وادی پارٹی میں جاری خانہ جنگی مزید شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ جہاں ایک طرف آج صبح اکھلیش یادو اور رام گوپال یادو نے پارٹی کا قومی اجلاس منعقد کیا اور اس میں اکھلیش کا قومی صدر بنانے اور امرسنگھ کو باہر کاراستہ دکھانے کا اعلان کیا گیا ، وہیں دوسری طرف اب ملائم سنگھ نے یادو نے اجلاس کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس میں پاس کی گئی قراردادوں کو مسترد کردیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ملائم نے ایک مرتبہ پھر رام گوپال یادو کا چھ سال کیلئے پارٹی سے باہر نکال دیا ہے۔
ملائم سنگھ نے وزیر اعلی اکھلیش یادو اور رام گوپال یادو کے ذریعہ طلب قومی اجلاس کو قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس میں پاس کی گئی سبھی تجاویز اور قرارداد کو غیر آئینی بتایا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ملائم سنگھ نے پہلے جاری کی گئی اپنی لسٹ کو صحیح قرار دیا ۔ملائم سنگھ کے مطابق آج پارٹی کی قومی پار لیمانی بورڈ کی میٹنگ منعقد کی گئی ، جس میں ان کی پہلی لسٹ کی توثیق کی گئی ۔ علاوہ ازیںملائم سنگھ نے جنیشور مشرا پارک میں ہی پانچ جنوری کو پارٹی کا قومی اجلاس طلب کیا ہے۔
ملائم نے رام گوپال کو پھر کیا باہر ، قومی اجلاس کے فیصلوں کو بتایا غیر آئینی ، پانچ جنوری کو اجلاس طلب
قبل ازیں ملائم سنگھ نے آج صبح ایک خط جاری کیا تھا ، جس کے مطابق رام گوپال یادو کو اس طرح کے اجلاس بلانے کا اختیار نہیں ہے ۔ ملائم نے وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ بھی اس اجلاس میں حصہ لیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تاہم اس انتباہ کو درکنار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں کارکنان پہنچے اور قومی اجلاس میں موجود پارٹی رہنماؤں نے وزیر اعلی اکھلیش یادو کو متفقہ طور پر پارٹی کا صدر تسلیم کرلیا ۔ ساتھ ہی پارٹی کے اترپردیش یونٹ کے صدر شیو پال یادو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور پارٹی جنرل سکریٹری امر سنگھ کو بھی پارٹی نے نکالنے کی تجویز پاس کر دی گئی۔
قومی اجلاس میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رام گوپال یادو نے کہا کہ پورا ملک یوپی کے وزیر اعلی اکھلیش یادو کی تعریف کر رہا ہے، ایسے میں بھی ان کی کوئی بات نہیں مانی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پارٹی کارکنوں نے اپیل کی کہ قومی اجلاس بلایا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی کا ہنگامی قومی اجلاس بلایا گیا ۔ رام گوپال یادو نے کہا دو لوگوں نے پارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی۔