نئی دہلی۔ کامن ویلتھ گھوٹالہ کے ملزم اور سابق کانگریس لیڈر سریش کلماڈی کو انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کا تاحیات صدر بنایا گیا ہے۔ کلماڈی کے ساتھ انیلو رہنما اور ہریانہ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ابھے چوٹالہ کو بھی انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کا لائف ٹائم صدر منتخب کیا گیا ہے۔ چنئی میں آئی او اے کے سالانہ عام اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔
جب وزیر کھیل وجے گوئل سے اس فیصلے کی بابت پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔ میں اس معاملے کو دیکھتا ہوں۔ ہمیں حیرت ہے کہ سریش کلماڈی اور ابھے چوٹالہ کو آئی او اے کا تاحیات صدر کا عہدہ کس طرح دیا گیا۔ سریش کلماڈی کے اوپر بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ ہماری حکومت گڈ گورننس کے لئے ہے۔ حکومت سے بڑا کوئی نہیں ہے۔ ہماری حکومت جو بھی قدم ٹھیک سمجھےگی وہ کرے گی۔ ہم آئی او اے سے متعلق دستاویزات منگواكر آگے کام کریں گے۔
چنئی میں ہوئے عام اجلاس میں یہ تجویز بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری راکیش گپتا نے پیش کی۔ اس تجویز کو میٹنگ میں موجود 150 لوگوں نے متفقہ طور پر منظور کر دیا۔ سریش کلماڈی کو کامن ویلتھ گھوٹالہ میں جیل کی سزا ہوئی ہے۔ وہ اس معاملے میں نو ماہ کی سزا بھی کاٹ چکے ہیں۔ چوٹالہ کا بھی آئی او اے میں پرانا دور تنازعات سے بھرا رہا تھا۔