نئی دہلی۔ بیس ہزار این جی او کے لائسنس غیر ملکی چندہ غیر قانونی طریقے سے لینے پر منسوخ کر دئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں بیس ہزار این جی او کے لائسنسوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے محکمہ خارجہ سے وابستہ معاملات کی جائزہ میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو یہ اطلاع دی گئی۔ ان این جی اوز کو بیرون ملک سے ملنے والے فنڈ پر روک لگا دی گئی ہے۔ اس روک کے بعد صرف 13 ہزار این جی او ہی غیر ملکی فنڈ حاصل کرنے کی حقدار ہوں گی ۔حکام نے بتایا کہ ان میں سے صرف تین ہزار نے رجسٹریشن کی تجدید کے لئے درخواست دی ہے۔
وزارت داخلہ کے حکام نے راج ناتھ کو بتایا کہ تقریبا بیس ہزار این جی او کے ایف سی آر اے لائسنس منسوخ کئے جانے کے بعد اب ملک میں صرف 13000 این جی او قانونی طور پر درست ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سارے این جی او کے کام کاج کے جائزہ کیقواعد قریب ایک سال پہلے شروع ہوئی تھی اور یہ عمل اب بھی جاری ہے۔ تقریباً 13000 درست این جی او میں سے تقریبا 3000 نے لائسنس کی تجدید کی درخواست دی ہیں۔ وزارت داخلہ کو پہلی بار ایف سی آر اے کے تحت رجسٹریشن کے لئے 2000 نئی درخواستیں ملی ہیں۔