نئی دہلی۔ نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) پر حملہ تیز کرنے کی حکمت عملی کے تحت اپوزیشن جماعتوں کی آج ہونے والی میٹنگ سے پہلےکل پارٹی کے لیڈروں سے ملاقات کی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں پارٹی جنرل سکریٹری، ریاستی انچارج، ریاستوں کے پارٹی صدور، عہدیداروں کے علاوہ دیگر لیڈروں نے حصہ لیا اور نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر نریندر مودی حکومت پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی۔ کانگریس کے مطابق نوٹوں کی منسوخی بالکل ناکام ثابت ہوئی ہے۔
اس میٹنگ میں مسٹر گاندھی نے پارٹی کے لیڈروں سے پورے ملک میں نوٹوں کی منسوخی کے خلاف احتجاج اور دھرنے منعقد کرنے کے لئے کہا ہے۔ اس کے علاوہ مسٹر نریندر مودی کا گجرات کے وزیر اعلی کے دور میں سہارا گروپ کی ڈائریوں میں نام آنے سے متعلق معاملے کو بھی زور شور سے اٹھانے کو کہا ہے۔ خیال رہے کہ نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر آج کانگریس نے تمام اپوزیشن جماعتوں کی ایک میٹنگ بلائی ہے، تاہم اس میں شامل ہونے کے لئے ترنمول کانگریس نے اتفاق کیا ہے جبکہ بائیں بازو کی جماعتیں اس میں حصہ نہیں لے رہی ہیں۔