چندی گڑھ ۔ چندی گڑھ میں میونسپل انتخابات میں آج بی جے پی نے یک طرفہ کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی-اکالی دل اتحاد نے مکمل اکثریت حاصل کرتے ہوئے 26 میں سے 21 نشستیں اپنے نام کر کانگریس کو زبردست جھٹکا دیا۔ کانگریس 4 سیٹوں پر ہی کامیابی حاصل کر پائی۔ اکالی دل کو ایک اور آزاد امیدوار کو ایک سیٹ ملی۔
بی جے پی کی جانب سے جیت حاصل کرنے والوں میں اہم نام بی جے پی میئر ارون سود کا بھی ہے۔ وارڈ نمبر 4 سے بی جے پی کی سنیتا دھون جیتیں۔ انہوں نے سابق میئر اور چندی گڑھ کانگریس کی سینئر لیڈر پونم شرما کو شکست دی۔ کل 122 امیدوار میدان میں تھے۔ اہم مقابلہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہی تھا۔ ابتدائی رجحانات سے ہی بی جے پی آگے چل رہی تھی۔
کانگریس اور بی جے پی نے تمام 26 وارڈوں پر امیدوار اتارے تھے، جبکہ بی ایس پی نے 17 وارڈوں میں اپنے امیدوار کو اتارا۔ اس کے علاوہ 67 آزاد امیدوار بھی میدان میں تھے۔
اس جیت پر چندی گڑھ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کرن کھیر نے کہا کہ عوام ہمارے کام سے خوش ہیں۔ ہم نے پی ایم مودی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا اور لوگ اس سے خوش ہیں۔ لوگوں نے محسوس کیا کہ نوٹ بندی کی قواعد ملک کی بہتری کے لئے ہے۔
ان لوگوں کو لگ رہا تھا کہ نوٹ بندی پر ملک کے عوام مودی جی کے ساتھ نہیں ہیں، لیکن چندی گڑھ کے لوگوں نے کانگریس کو کرارا جواب دیا ہے اور بتا دیا ہے کہ ملک کے ایماندار وزیر اعظم نے جو ایماندارانہ قدم اٹھایا ہے اس کے ساتھ ملک کے عوام بھی کھڑے ہیں۔
چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن میں کل 36 نشستیں ہوتی ہیں جن میں سے 26 نشستوں پر الیکشن ہوتا ہے جبکہ 9 ارکان پنجاب کے گورنر، جو چنڈی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوتے ہیں، وہ نامزد کرتے ہیں۔ چندی گڑھ کا رکن پارلیمنٹ 10 واں رکن ہوتا ہے اور اس طرح مجموعی طور پر میونسپل کے 36 ممبر ہوتے ہیں۔