نئی دہلی : آرمی چیف کی تقرری پر کانگریس نے سوال اٹھائے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل وپن راوت نئے فوجی سربراہ ہوں گے۔ گزشتہ روز حکومت نے ان کے نام کا اعلان کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل وپن راوت کو دو سینئر افسران کو نظرانداز کرکے فوجی سربراہ بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے کانگریس نے ان کی تقرری پر سوال کھڑا کیا ہے۔
کانگریس کے لیڈر منیش تیواری نے سوال اٹھاتے ہوئے حکومت سے پوچھا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری میں سنیئریٹی کا خیال کیوں نہیں رکھا گیا؟ کیوں لیفٹیننٹ جنرل پروین بخشی اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی هارث پر وپن راوت کو ترجیح دی گئی۔ مشرقی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پروین بخشی فوج کے موجودہ سربراہ جنرل دلبیر سنگھ کے بعد سب سے سینئر ہے۔
منیش تیواری کے مطابق ہر ادارے کا ایک اپنا کردار ہوتا ہے اور فوج کا کردار پوری دنیا میں ہے کہ یہاں سنیئریٹی کی قدر کی جاتی ہے۔ کوئی بات جنرل راوت کو لے کر نہیں ہے۔ سوال یہ ہے کہ جنرل بخشی کو اور دوسرے لوگوں کو نظر انداز کیوں کیا گیا ہے؟ اس سوال کا جواب حکومت کو دینا چاہئے۔
منیش تیواری نے اس معاملے میں متعدد ٹویٹ کئے ۔ انہوں نے ٹویٹس میں وزیر اعظم سے پوچھا ہے کہ بری فوج کے سربراہ کی تقرری میں سنیئریٹی کا خیال کیوں نہیں رکھا گیا ؟ لیفٹیننٹ جنرل پروین بخشی اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی هارث کو فوجی سربراہ کیوں نہیں بنایا گیا؟