لکھنو : خراب موسم کی وجہ سے وزیر اعظم مودی بہرائچ نہیں پہنچ سکے، جس کی وجہ سے انہوں نے لکھنو سے ہی فون کے ذریعہ پریورتن ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں موبائل فون سے وہاں پہنچ گیا ہوں، بہرائچ میں میرا گہرا رشتہ ہے۔
بہرائچ میں اتوار کو وزیر اعظم مودی نے پریورتن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں وہاں کے عوام کو سلام کرتا ہوں ۔ اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن پر بھی نشانہ سادھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس ایک ہی زبان بولتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم بدعنوانی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر نہیں اتر سکا، آج ملک ایمانداری کے راستے پر چلنے کے لئے اتنی تکلیف جھیل رہا ہے۔میں یقین دلاتا ہوں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آپ کے خواب کو پورا کر کے ہی رہے گی۔ اگر آپ اترپردیش میں ترقی چاہتے ہیں ، تو ایس پی اور بی ایس پی کو اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ملک میں ایمانداری کی جنگ جیت جائے گا اور اس راستے پر آگے بڑھے گا۔ بے ایمانوں کی اب خیر نہیں۔