حیدرآباد : حج سیزن 2017کے لئے 2 جنوری سے24 جنوری 2017 تک حج درخواست فارم جاری اور وصول کئے جائیں گے۔ اسپیشل افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکورنے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج سیزن 2017 کے یکشن پلان کا اعلان کردیا ہے‘ جس کے مطابق 2 جنوری سے24 جنوری تک فارم جاری کئے جائیں گے‘ اور خانہ پری کی گئی درخواستیں بھی ان ہی تاریخوں میں وصول کی جائیں گی۔ یکم مارچ سے 8 مارچ کے درمیان کسی بھی دن قرعہ اندازی ہوسکتی ہے۔
یوم عرفہ جمعرات 31اگست کو مقرر ہے۔ اسپیشل افسرحج کمیٹی نے مزید بتایا کہ حج کے درخواست فارم جو صرف ایک صفحہ پر مشتمل ہوں گے ۔
پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ جو حضرات حج کا عزم رکھتے ہوں ان کو چاہئے کہ وہ اپنے پاسپورٹ تیار رکھیں۔ اگر ان کے پاس پہلے سے ہی پاسپورٹ موجود ہوں تو وہ اس بات کی طمانیت حاصل کرلیں کہ ان کے پاسپورٹ مشین پر پڑھے جانے کے قابل ہیں اور یہ کہ وہ 31 مارچ 2018تک کارکرد ہیں۔
اگر پاسپورٹ میں یہ دونوں باتیں نہ ہوں تو وہ اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروالیں اور جن اصحاب نے پاسپورٹ تیار نہیں کروایا ہے تو بھی نیا انٹر نیشنل پاسپورٹ بنوانے کے لئے جلد سے جلد درخواست دے دیں تاکہ حج درخواست فارم کی اجرائی تک ان کے پاسپورٹ تیار ہوسکیں۔
اس کے علاوہ جن کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے تو وہ بھی جلد سے جلد اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروالیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حج کا ارادہ کرنے والوں کے لئے انتہائی اہم کام ہے اور وہ اس سے غفلت نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ.ڈیجیٹل پرنٹ کئے ہوئے ہوں یعنی وہ مشین پر پڑھے جانے کے قابل ہوں یعنی اس میں تفصیلات ہاتھ سے لکھی ہوئی نہ ہوں۔ درخواستیں آن لائن داخل کرنے کی سہولت بھی فراہم رہے گی۔ جس کی وجہہ سے درخواست گزاروں کو بڑی سہولت ہوگی۔ اور ان کو فارم حاصل کرنے اور داخل کرنے کے لئے حج ہوزیا ڈسٹرکٹ حج سوسائیٹیوں کے دفتر تک آنے کی زحمت نہیں ہوگی۔
اس لئے درخواست داخل کرنے کے خواہش مند حضرات آن لائن طریقہ کار سے استفادہ کریں تو یہ بات ان کے لئے سکون و اطمینان کا باعث ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ حج 2016کے دوران گرین زمرہ میں فی کس 2,20,550روپئے اور عزیزیہ زمرہ میں فی کس 1,86,650روپئے کے مصارف عائد ہوئے تھے اور امکان ہے کہ اس سال حج کے لئے اس رقم میں نسبتاً تھوڑا سا اضافہ ہوسکتا ہے۔ تفصیلات کے لئے فون نمبر 040-23298793 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔