باندا۔ طالب علم نے امتحان فیس جمع نہ کر پانے پر خود کشی کر لی۔ نوٹوں کی منسوخی سے ہونے والی اموات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
تازہ معاملہ اترپردیش کے باندا کا ہے جہاں اٹھارہ سالہ ایک طالب علم نے امتحان فیس کی ادائیگی کے لئے بینک سے پیسے نہ نکال پانے پر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ یہ واقعہ باندا کے ماووی بزرگ گاوں کا ہے۔
حالانکہ مرکز میں مودی حکومت کے نزدیک ملک بھر میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے اور نوٹوں کی منسوخی سے ملک کے نوے فیصد لوگوں کو کوئی پریشانی نہیں ہے اور یہ کہ نوٹ منسوخی معاملہ کی غلط تشہیر کی جا رہی ہے، تاہم اس کے نتیجہ میں ہونے والی دیگر پریشانیوں سمیت اموات کا سلسلہ بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔
مقامی پولیس نے بتایا کہ سریش گزشتہ کئی دنوں سے بینکوں کی لائنوں میں لگتا رہا تاکہ پیسے نکال کر طالب علم امتحان فیس ادا کر سکے۔ لیکن ہر روز وہ واپس مایوس ہو کر ہی آتا تھا۔
منگل کو جب وہ ایک بار پھر ناکام ونامراد ہو کر بینک سے گھر واپس آیا تو اس نے اپنی ماں کی ساڑی سے چھت کے پنکھے سے باندھ کر خود کو لٹکا لیا اور اس طرح اس نے اپنی جان دیدی۔
طالب علم سریش کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ پنچ نیہی ڈگری کالج میں بی ایس سی سیکنڈ ائیر کا طالب علم تھا اور بدھ کے روز تک اسے امتحان فیس جمع کرنا تھی۔ پولیس نے بتایا کہ معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کی جانچ جاری ہے۔