بنگلورو۔ بنگلورو میں مسلم نوجوانوں نے شروع کی غریب لوگوں کو مفت کھانا فراہم کرنے کی مہم شروع کی ہے جو بڑی مقبول ہو رہی ہے۔ ڈیجیٹل انڈیا اور اسمارٹ سٹی کے اس دور میں ایسے لوگوں کی بھی قابل لحاظ تعداد ہندوستان میں موجود ہے جو دو وقت کے کھانے کا انتظام تک نہیں کرپاتے ـ ایسے غریب و نادار لوگوں کے لیے بنگلورو کے چند نوجوانوں نے’فری فوڈ فار پور‘ کے نام سے دوپہر کا کھانا فراہم کرنے کی مہم شروع کی ہے ـ بنگلورو میں فری فوڈ کی مہم کوئی امیر گھرانے کے افراد نہیں بلکہ دن بھر محنت کرکے اپنی روزی روٹی کی فکر کرنے والے چند افراد نے چلائی ہے ـ یہ نوجوان اپنی بساط کے مطابق روزانہ 300 سے زائد غریب افراد کو دوپہر کا مفت کھانا فراہم کر رہے ہیں ـ
بنگلورو میں شہر کے علاوہ ریاست بھر کے مسافر، مریض اور روزگار کی تلاش میں ہزاروں لوگ پہنچتے ہیں ـ بنگلورو کے نمہانس اسپتال، اندراگاندھی چلڈرنس اسپتال، راجیو گاندھی اسپتال کے احاطے میں یہ فری فوڈ کی مہم روزانہ چلائی جارہی ہے ـ مستحق افراد چاہے ہندو ہوں یا مسلمان دوپہر کا کھانا کھا کردعا دیتے تھکتے نہیں ـ سید گلاب اور ان کے رفقائے کار نے حیدرآباد کے ایک نوجوان اظہر مخصوصی کی شروع کردہ مہم ’فری فوڈ فار پور‘ مہم سے متاثر ہوکر روٹی چیریٹی ٹرسٹ اور سدبھاونا چیریٹبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام یہ مہم شروع کی ہے ـ اظہر مخصوصی بھی ان نوجوانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں ـ سید گلاب کئی سالوں سے ہر ہفتہ ایک مرتبہ کھانا تقسیم کرتے تھے لیکن اب خود کھانا تیار کرکے روزانہ فراہم کررہے ہیں ـ