الہ آباد: نینی میں یوم عاشورہ کے جلوس میں اس وقت افرا تفری مچ گئی ، جب اچانک ایک تعزیہ ایچ ٹی لائن کو چھوگیا ، جس کی وجہ سے پورے تعزیے میں کرنٹ پھیل گیا اور تیز آواز کے ساتھ لوگ جھلسنے لگے۔ تقریباً 20 لوگ کرنٹ لگنے سے زخمی اور بے ہوش ہو گئے جبکہ ایک نو عمر کی موت ہو گئی۔
الہ آباد میں محرم کے موقع پر نکلنے والے تعزیہ کے جلوس کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا ۔ تعزیہ کے ہائی ٹینشن تار کی زد میں آنے سے 20 افراد شدید طور سے زخمی ہو گئے جب کہ ایک شخص کی موت ہو گئی ۔اس حادثے کے بعد لوگوں نے الہ آباد مرزا پور ہائی وے پر چکا جام کر دیا ۔ یہ حادثہ الہ آباد کے نینی علاقے میں ہلدی کلاں گاؤں میں پیش آیا۔
گاؤں والوں کے مطابق یوم عاشورہ کے جلوس میں شامل سینکڑوں افراد نینی مرزا پور سے گذر رہے تھے ۔ ہائی وے کے اوپر سے گذرنے والا گیارہ ہزار وولٹیج کا تار تعزیہ کی زد میں آ گیا ۔ تعزیہ کو کاندھا دینے والے کرنٹ کے شدید جھٹکے سے زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو فوری طور سے ایس آر این اسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ ا س واقعہ میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی ۔ کئی دیگر افراد کی حالت ابھی بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے ۔