چنئی: ہندستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے تیار کردہ مواصلاتی سیٹلائٹ جي سیٹ -18 کی فرینچ گیانا سے ہونے والی خلائی پرواز خراب موسم کی وجہ سے ایک دن کے لئے ملتوی کردی گئی ہے ۔ پہلے 3،404 کلو گرام وزن والے اس سیٹلائٹ کی پرواز ہندستانی وقت کے مطابق آج علی الصبح دو بجے سے تین بج کر 15 منٹ کے درمیان ہونے والی تھی۔ اب اسکی پرواز کل اسی وقت عمل میں آئیگی۔ اسرو نے کہا، “خراب موسم کی وجہ سے لانچ 24 گھنٹے کے لئے ٹال دیا گیا ہے ۔ اسے بین الاقوامی ایجنسی ایرین اسپیس کے ایرین 5 سیٹلائٹ لانچ کرنے والے راکٹ سے خلا میں بھیجا جائے گا۔ وي اے 231 نامی اس مشن میں جي سیٹ -18 کے ساتھ آسٹریلیائی سیٹلائٹ اسکائی مسٹر -2 بھی چھوڑا جائے گا۔ لانچ کے تقریبا 32 منٹ بعد جي سیٹ -18 کو اس مدار میں نصب کر دیا جائے گا۔ جي سیٹ -18 کی کام کی میعاد15 سال ہے ۔ یہ سی بینڈ، اپر ایکسٹینڈ یڈسی بینڈ اور کو بینڈ پر اپنی خدمات انجام دیگا۔ خلائی گاڑی سے الگ ہونے کے بعد اسرو کی کرناٹک کے ہاسن میں واقع ماسٹر کنٹرول فیسلٹی سیٹلائٹ کو اپنے کنٹرول میں لے لے گی۔ اس کے بعد تین بار اس کے محور کو بدل کر اس کو 74 ڈگری مشرقی طول البلد پر نصب کیا جائے گا۔