جالندھر:سرحدی سلامتی فورس (بی ایس ایف) نے امرتسر سیکٹر کی بین الاقوامی سرحد چوکی ریئرککڑ کے پاس دریائے راوی میں پاکستانی کی جانب سے بہہ کر آئی ایک کشتی پکڑی ہے ۔ بی ایس ایف ترجمان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آر ایس کٹاریا نے بتایا کہ راوی دریا میں پانی کا بہاؤ بڑھنے سے پاکستان کی ایک کشتی بہہ کر ہندستانی علاقے میں آ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف کے چوکس جوان کی طرف سے رپورٹ ملنے پر دریا میں گشت کر رہی بی ایس ایف کی ٹکڑی نے کشتی کو قبضے میں لے لیا۔پنجاب کی بین الاقوامی سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے ۔ پاکستانی علاقے میں ہندستانی فوج کی محدود کارروائی (سرجیکل اسٹرائک ) کے بعد کشتی ملنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ واضح ر ہے کہ ہندستانی ساحلی محافظوں نے تین اکتوبر کو گجرات کے ساحل کے نزدیک سمندر سے نو افراد سمیت پاکستان کی کشتی پکڑی تھی۔