نئی دہلی: ووڈافون کے صارفین اب دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک گیگاہرٹز بائٹ (GB) تک مفت وائی فائی کا فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ہوائی اڈے کا آپریشن کرنے والی کمپنی دہلی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ڈائل) اور ٹیلی کمیونیکیشن سروس فراہم کرنے والی ووڈافون انڈیا نے اس سلسلے میں ایک معاہدہ کیا ہے ۔ یہ سہولت ہوائی اڈے کے دونوں ٹرمینلس ۔ ٹرمینل ایک اور ٹرمینل تین پر ہوائی جہاز کے مسافروں کے لئے دستیاب ہوگی۔دونوں کمپنیوں نے ایک مشترکہ پریس ریلیز میں بتایا کہ تین مہینہ کے کامیاب ٹرائل کے بعد یہ سروس لانچ کی گئی ہے ۔ ملک کے کسی ہوائی اڈے پر ووڈافون نے پہلی بار مفت وائی فائی سروس دستیاب کرائی ہے ۔ اس کا فائدہ اس کے پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ دونوں طرح کے صارفین اٹھا سکیں گے ۔ اس کے لیے پہلے سے ان کے پاس ایک جی بی یا دو جی بی کا 3 جی یا 4 جی پیک دستیاب ہونا چاہیے تبھی انہیں ایک جی بی مفت وائی فائی ملے گا۔
ڈائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئی پربھاکر راؤ نے اس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ہوائی اڈے پر موبائل فون پر انٹرنیٹ تک رسائی کرنا آسان اور تیز ہو جائے گا۔اس سے انہیں ہوائی اڈے کے بہترین وائی فائی نیٹ ورک کا فائدہ ملے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسری ٹیلی کام سروس کمپنیاں بھی دہلی ہوائی اڈے پر موجود ملک کے سب سے بڑے وائی فائی ہاٹ ا سپاٹ کے پلیٹ فارم سے جڑیں گی۔ووڈافون انڈیا کہ ڈائریکٹر (تجارت) سندیپ کٹاریا نے کہا کہ صارفین کی ضرورت اب وائس سے ڈیٹا کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ وائی فائی انہیں رابطہ میں رکھنے کی اثرانگیز ٹیکنالوجی ہے ۔