نئی دہلی: دہلی سے عازمین حج کا 25 واں قافلہ آج یہاں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔
دہلی سے حج بیت اللہ کے مقدس سفر پر روانہ ہونے والے عازمین کی پروازوں کی روانگی کا سلسلہ گذشتہ 4؍اگست سے جاری ہے ۔
اب تک کل پچیس(25) پروازیں مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوچکی ہیں۔ جن میں دہلی کے کل1262عازمین جب کہ مغربی اترپردیش کے کل ،5 616، ہریانہ کے 656اور پنجاب کے 39اور اترا کھنڈ کے 336عازمین مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔جبکہ اب تک دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے تقریباًآٹھ ہزارپانچ سو عازمین حج مدینہ پہنچ چکے ہیں۔
ادھر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کے عارضی قیام کے لیے لگائے جانے والے حج کیمپ میں اتر پردیش کے ساتھ ساتھ پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے عازمین بھی اپنے عزیزواقارب کے ساتھ کثیر تعداد میں حج کیمپ میں آنے لگے ہیں اور ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزکیٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے تمام عازمین حج کو مطلع کیا ہے کہ اس سال عازمین حج کو ویزا الگ سے فراہم کیا جا رہا ہے اور وہ پاسپورٹ پر چسپاں نہیں ہوتا ہے ایسی صورت میں بعض عازمین حج ناواقفیت کی بناء پر اس کو بے کار کاغذ سمجھ کر چھوڑ دیتے ہیں اور کئی باراس میں کچھ خامیا ں بھی ہوتی ہیں جس کو وہ چیک نہیں کرتے اور جب ایئر پورٹ پر پہنچتے تو ان کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوربسا اوقات انہیں حج کے لیے روانہ ہونے سے روک دیا جاتاہے ۔
اس لیے تمام عازمین ایئر پورٹ پر پہنچنے سے پہلے اچھی طرح اپنے تمام کاغذات جیسے پاسپورٹ ویزا وغیرہ کی جانچ کر لیں اورویزا میں کسی قسم کی کمی پائے جانے پر فوراً حج کمیٹی آف انڈیا کے عملے کو مطلع کریں۔اس کے علاوہ عازمین ایسی اشیاء جو سعودی عرب میں ممنوع ہیں اپنے ساتھ لے جانے سے قطعاً گریز کریں۔
دیگر صورت میں سعودی عرب میں وہ مشکلات میں پڑ سکتے ہیں حتیٰ کہ جیل بھی ہو سکتی ہے ۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق اور ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسرمحسن علی نے بذات خود کیمپ کا دورہ کر عازمین اور ان کے ہمراہ آنے والے احباب و متعلقین سے ملاقاتیں کیں اور کیمپ میں کسی قسم کی پریشانی ہونے پر ان کو اطلاع دینے کی اپیل کی۔