حیدرآباد :سندھ کے جامشورہ تھرمل پاور اسٹیشن کے نزدیک ایک تیز رفتار بس اور ٹرک کی ٹکر ہوجانے سے 12 مسافر وں کی موت ہوگئی جبکہ 20 دیگر زخمی ہوگئے ۔
راحتی عملہ کے ذرائع کے مطابق یہ حادثہ جامشورہ میں سیہون روڈ پر ٹول پلازہ کے نزدیک اس وقت پیش آیا، جب مسافر بس ڈیرہ اسماعیل خان سے کراچی کی طرف جارہی تھی۔
ذرائع کے مطابق مسافر بس تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت میں کھڑے ہونے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے بعد مقامی افراد اور راحتی دستہ کے اہلکاروں نے زخمیوں کو لیاقت یونیورسٹی اسپتال میں منتقل کردیا ہے ۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں سے متعدد افراد کی حالت نازک ہے ، جس کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔