واشنگٹن ۔ ورجینیا میں وفاقی ا پیلٹ کورٹ میں صدر ٹرمپ کا حکمنامہ بحال کرنے کی اپیل مسترد ہو گئی ہے۔ امریکی ریاست ورجینیا میں وفاقی ا پیلٹ کورٹ نے امریکی صدر کے اس حکمنامے بحال کرنے سے انکار کر دیا جس میں 6 اسلامی ملکوں کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر عارضی پابندی لگائی گئی تھی۔
اپنے فیصلے میں فورتھ سرکٹ کورٹ آف اپیلز نے کہا کہ یہ حکمنامہ مسلمانوں پر پابندی کے دائرے میں آتا ہے۔ یہ حکم صدر ٹرمپ کے صدارتی انتخاب سے پہلے اور بعد میں وعدوں کے سوا کچھ نہیں ۔
مقدمے میں 13 ججوں پر مشتمل پینل کے اکثریتی فیصلے میں صدر ٹرمپ کے ٹوئٹس، انٹرویوز اور انتخابی مہم کی ویب سائٹ پر بیانات کا حوالہ دیا گیا ہے۔3 ججوں نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ صدر کے حکمنامے میں مذہب کا ذکر نہیں کیا گیا۔ ٹرمپ انتظامیہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جا سکتی ہے۔