نئی دہلی۔ ایوان کی کارروائی میں رخنہ ڈالنے پر وجیندر گپتا کو دن بھر کے لئے معطل کر دیا گیا۔ دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل نے ایوان میں اپوزیشن کے لیڈر وجیندر گپتا کو ایوان کی کارروائی میں رخنہ ڈالنے پر آج دن بھر کیلئے ایوان سے معطل کردیا۔ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی مسٹر گپتا نے اراضی سودے میں مبینہ بدعنوانی کا معاملہ اٹھانا چاہا لیکن اسپیکر نے اس کی اجازت نہیں دی۔ مسٹر گپتا مسلسل اپنی بات کہنے کی کوشش کرتے رہے۔
اس پر اسپیکر نے کہا کہ ایوان کا یہ خصوصی اجلاس ہندستانی جمہوریت کے اہم امور پر غور کرنے کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے مسٹر گپتا سے بار بار پرسکون ہونے اور اپنی سیٹ پر بیٹھنے کی اپیل کی لیکن بی جے پی لیڈر جب اپنی بات پر بضد رہے تو انہیں ایوان سے دن بھر کیلئے باہر جانے کیلئے کہا۔ مسٹر گوئل جب باہر نہیں گئے تو اسپیکر نے مارشلوں کو انہیں باہر لے جانے کی ہدایت دی اور مارشل انہیں باہر لے گئے۔
اس کے بعد اسپیکر نے عام آدمی پارٹی کی الکا لامبا کو ’ای وی ایم میں چھیڑچھاڑ‘ کے معاملے پر اپنی بات رکھنے کی اجازت دی۔ یہ موضوع آج کے ایجنڈہ میں شامل تھا۔ مسٹر گوئل نے ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اراکین کو آگاہ کردیا تھا کہ یہ اجلاس خاص موضوع پر گفتگو کیلئے طلب کیا گیا ہے اور اراکین کو صرف اسی موضوع پر اپنی بات رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے وارننگ دی تھی کہ اگر کوئی رکن اس میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو اسے معطل کردیا جائےگا۔ کارروائی شروع ہونے پر ایوان نے چھتیس گڑھ کے سکما میں اپریل میں نکسلی حملے میں شہید 25 جوانوں کی ارواح کے ابدی سکون کیلئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔