پاکستان کی 7 کمپنیاں امریکی مفادات کے منافی فہرست میں شامل کر لی گئی ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ان کمپنیوں کو امریکی قومی سلامتی اور پالیسی مفادات کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
ساتوں پاکستانی کمپنیوں پر نیوکلیئر تجارت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
فہرست امریکی بیورو آف انڈسٹری اورسیکورٹی نے تیار کی ہے۔
بعض امریکی میڈیا گروپس نے اس امر کے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی کمپنیوں کی امریکی مفادات کے منافی فہرست میں شمولیت سے پاکستان کے نیو کلیئر سپلائی گروپ میں شامل ہونے کےامکانات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے مجموعی طور پر 23کمپنیوں کو ایسی فہرست میں شامل کیا ہے جن میں سوڈان کی15کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ابھی تک امریکہ کے اس حالیہ اقدام پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں سے متعلق بیان کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہو ئے ہیں۔