لکھنؤ : اترپردیش کے سہارنپور میں زیر تحویل قیدی کو جیل کے اندر ہی دوسرے قیدی نے بے رحمی سے قتل کردیا، جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں مظفر نگر کے ضلع جیل میں ایک قیدی کی لاش مشتبہ حالات میں اپنے بیرک میں آج لٹکی ہوئی ملی۔ قیدیوں کی موت کے ان دونوں واقعات سے یو پی میں ہنگامہ برپا ہے ۔ ان دونوں معاملوں میں متعلقہ تھانے میں کیس درج کرلیا گیا ہے اور مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔ قابل غور ہے کہ سہارنپور جیل کے دونوں قیدیوں کو حال ہی میں مظفر نگر کی جیل سے اس لئے منتقل کیا گیا تھا کہ وہ جیل کے حکام کے لئے پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں۔ پولس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مظفر نگر کے سول لائنس علاقے میں محمود نگر کے باشندے شہنواز اور مظفرنگر کے ہی کوتوالی نگر میں خالصہ پٹی کے باشندے سکھا (35) کو مظفر نگر ضلع جیل میں رکھا گیا تھا، جن کے خلاف قتل کے مقدمے چل رہے ہیں۔