لکھنؤ۔ ریاستی سرکار کے ملازمین کو اکھلیش سرکار کا انتخابی تحفہ ملا ہے۔ اترپردیش حکومت نے ریاست کے تقریبا 25 لاکھ سرکاری ملازمین، اساتذہ اور پنشن یافتگان پر ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کو نافذ کرکےان کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا راستہ صاف کر دیا ہے۔ یکم جنوری 2017 سے ان سفارشات کے نافذ ہونے سے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد تک کا اضافہ ہوگا۔
وزیر اعلی اکھلیش یادو کی صدارت میں آج یہاں کابینہ میٹنگ میں اس سلسلے میں تجویز کو منظوری دی گئی۔ ریاستی ملازمین کی تنخواہ بھتے کے سلسلے میں حکومت نے جی بی پٹنائک کمیشن کا قیام کیا تھا۔ کمیشن نے ریاستی ملازمین کی تنخواہ اور مراعات میں 20 فیصد تک اضافہ کئے جانے کی سفارش کی تھی۔
ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے بعد مسٹر اکھیلیش یادو نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیشن کی سفارشات کو نافذ کرنے سے سرکاری خزانے پر تقریبا 24 ہزار کروڑ روپے کا اضافی بوجھ بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ملازمین کو ان کا حق دلانے کے لئے پرعزم ہے، اسی لیے پٹنائک کمیشن تشکیل دی گئی تھی۔